سود کی رقم سید صاحب کو دینا ؟
السلام علیکم و رحمة اللہْ
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کی بابت کہ زید کے پاس سود کی رقم ہے کیا بغیر ثواب کی نیت سے کسی سید صاحب جو شرعی فقیر ہوں کو دی سکتے ہیں؟
بینوا توجروا
وعلیکم السلام و رحمت اللہ و برکاتہ
الجواب بـــــــــــِـاِسْمِـــــــــــــٖہ تـَعـــالٰـــــــــــــــی وباللہ توفیق
سید صاحب ایسی گھٹیا رقم دینا مناسب نہیں سید صاحب کے لیے تو زکوۃ بھی لینا جائز نہیں کہ یہ مال کا میل ہے
عَنْ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ بْنِ رَبِيعَۃَ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللہِ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ: ''إِنَّ ھٰذِہِ الصَّدَقَاتِ إِنَّمَا ھِيَ أَوْسَاخُ النَّاسِ، وَإِنَّھَا لَا تَحِلُّ لِمُحَمَّدٍ وَلَا لِآلِ مُحَمَّدٍ''.
حضرت عبد المطلب بن ربيعہ سے مروی ہے، فرماتے ہيں،خاتم المرسلین، رحمۃللعالمین، شفیع المذنبین، انیس الغریبین، سراجُ السالکین، مَحبوبِ رب العلمین، جنابِ صادق و امین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَنے فرمايا، يہ صدقات لوگوں کے ميل ہی ہيں، نہ يہ محمد کو حلال ہيں اور نہ محمد کی آل کو۔
مفتی احمد یار خان نعیمی رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ '' صدقات لوگوں کے میل ہیں ''کے تحت فرماتے ہیں ''اس طرح کہ زکوٰۃ فطرہ نکل جانے سے لوگوں کے مال اور دل پاک وصاف ہوتے ہيں جيسے ميل نکل جانے سے جسم يا کپڑا، رب تَعَالٰی فرماتا ہے: (خُذْ مِنْ اَمْوَالِهِمْ صَدَقَةً تُطَهِّرُهُمْ وَ تُزَكِّیْهِمْ بِهَا) ترجمہ: اے محبوب ان کے مال ميں سے زکوٰۃ تحصيل کرو جس سے تم انہيں ستھرا اور پاکيزہ کردو [التوبۃ:۹ / ۱۰۳](کنزالايمان) لہٰذا يہ مسلمانوں کا دھوون ہے''۔
''يہ حديث ايسی واضح اور صاف ہے جس ميں کوئی تاويل نہيں ہوسکتی، يعنی مجھے اور ميری اولاد کو زکوٰۃ لينا اس لئے حرام ہے کہ يہ مال کا ميل ہے لوگ ہمارے ميل سے ستھرے ہوں ہم کسی کا ميل کيوں ليں۔ اب بعض کا کہنا کہ چونکہ سادات کو خمس نہيں ملتا اس لئے اب وہ زکوٰۃ لے سکتے ہيں غلط ہے کہ نص کے مقابل چونکہ اورکيونکہ نہيں سُنا جاتا''۔(مراتہ المناجیح جلد سوم صفحہ 346 ) خلاصہ کلام جب میل ہونے کی وجہ سے ممانعت ہے تو سود تو مکمل خبث مال ہے یہ کیسے دیا جاسکتا لہٰذا سید صاحب کی تعظیم واجب ہے ان مقدس شخصیت کو ایسا مال ہرگز نہیں دیا جائے واللہ اعلم و رسولہ
کتبہ ابو احمد ایم جے اکبری قادری حنفی عطاری
دارالافتاء فیضان مدینہ آنلائن
Comments
Post a Comment