مسلمان کی عیادت و ملاقات کا ثواب؟

​مسلمان کی عیادت اور ملاقات کیلئے جانے کے فضائل:

            اس سے معلوم ہوا کہ بندہ جس نیک کام کے لئے بھی قدم اٹھاتا ہے اس کا وہ قدم شمار کیا جاتا ہے اور اسے ان قدموں  کے حساب سے ثواب دیا جائے گا،اسی مناسبت سے یہاں  بطورِ خاص مریض کی عیادت کے لئے جانے اور کسی مسلمان سے ملاقات کیلئے جانے کے فضائل ملاحظہ ہوں  کہ یہ قدم بھی اطاعت ِ الٰہی میں  شمار کئے جاتے ہیں ۔


(1)… حضرت ثوبان رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسولِ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’مسلمان جب اپنے مسلمان بھائی کی عیادت کرتا ہے تو وہ (اس کے پاس سے) لوٹ آنے تک جنت کے باغ میں  رہتا ہے۔(مسلم، کتاب البرّ والصلۃ والآداب، باب فضل عیادۃ المریض، ص۱۳۸۹، الحدیث: ۴۱(۲۵۶۸))


(2)… حضرت علی المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے روایت ہے، رسولِ اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا:’’ جو مسلمان صبح کے وقت کسی مسلمان کی عیادت کرے توستر ہزار فرشتے اسے شام تک دعائیں  دیتے ہیں  اورجو شام کے وقت عیادت کرے تو صبح تک ستر ہزار فرشتے اسے دعائیں  دیتے ہیں  اور اس کے لیے جنت میں  باغ ہوگا۔(ترمذی، کتاب الجنائز عن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم، باب ما جاء فی عیادۃ المریض، ۲ / ۲۹۰، الحدیث: ۹۷۱)


(3)… حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،سیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جو کسی مریض کی عیادت کرتاہے یا اللہ تعالیٰ کے لئے اپنے کسی مسلمان بھائی سے ملنے جاتاہے تو ایک مُنادی اسے مُخاطَب کرکے کہتاہے :خوش ہو جا کیونکہ تیرا یہ چلنا مبارک ہے اور تو نے جنت میں  اپنا ٹھکانہ بنالیا ہے۔( ترمذی، کتاب البرّ والصلۃ، باب ما جاء فی زیارۃ الاخوان، ۳ / ۴۰۵، الحدیث: ۲۰۱۵)


 (4)…حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،رسولِ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’ایک شخص کسی شہر میں  اپنے کسی بھائی سے ملنے گیا تو اللہ تعالیٰ نے ایک فرشتہ اس کے راستے میں  بھیجا ،جب وہ فرشتہ اس کے پاس پہنچا تو اس سے پوچھا:کہاں  کا ارادہ ہے؟اس نے کہا:اس شہرمیں  میرا ایک بھائی رہتاہے اس سے ملنے جا رہا ہوں  ۔اس فرشتے نے پوچھا:کیا اس کا تجھ پر کوئی احسان ہے جسے اتارنے جارہاہے؟ اس شخص نے کہا:نہیں !بلکہ میں  اللہ تعالیٰ کے لئے اس سے محبت کرتاہوں ۔فرشتے نے کہا:مجھے اللہ تعالیٰ نے تیرے پاس بھیجا ہے تاکہ تجھے بتادوں  کہ اللہ تعالیٰ بھی تجھ سے اسی طرح محبت فرماتا ہے جس طرح تو اس کے لئے 

دوسروں  سے محبت کرتا ہے۔( مسلم، کتاب البرّ والصلۃ والآداب، باب فی فضل الحبّ فی اللّٰہ، ص۱۳۸۸، الحدیث: ۳۸(۲۵۶۷))


            اللہ تعالیٰ ہمیں  مسلمان مریضوں  کی عیادت کے لئے جانے اور اپنی رضا کے لئے مسلمان بھائیوں  سے ملنے کی توفیق عطا فرمائے،اٰمین۔

Comments

Popular posts from this blog

जो निकाह पढ़ाए वहीं दस्तखत करे

کیا حضور پر جادو کا اثر ہوا تھا

راکھی باندھنا حرام ہے